ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مایاوتی نے اپنے بھائی کو نائب صدرعہدے سے ہٹایا، پارٹی آئین میں ترمیم کے بعد لیا فیصلہ

مایاوتی نے اپنے بھائی کو نائب صدرعہدے سے ہٹایا، پارٹی آئین میں ترمیم کے بعد لیا فیصلہ

Mon, 28 May 2018 22:41:33    S.O. News Service

لکھنو،28؍مئی (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے اپنی پارٹی کے آئین میں کچھ ترمیم کرتے ہوئے تنظیم میں کئی اہم تبدیلیاں کی ہیں۔ بی ایس پی میں کی گئی ان تبدیلیوں کے مطابق مایاوتی کے بعد جو بھی پارٹی کا صدر بنایاجائے گا، اس کے خاندان کا کوئی بھی رکن تنظیم میں کسی بھی سطح پر عہدہ نہیں لے گا۔

مایاوتی نے اس اعلان کے بعد اپنے بھائی آنند کمار کو بھی بی ایس پی کے نائب صدر عہدے سے ہٹا دیا۔مایاوتی نے یہ بھی اعلان کیا کہ ان کے بعد جو بھی پارٹی کا صدر بنے گا اس کے خاندان کے کسی بھی قریبی کو نہ تو کوئی الیکشن لڑایا جائے گا اور نہ ہی اسے راجیہ سبھا ممبرپارلیمنٹ، ایم ایل سی اور وزیر بنایاجائے گا۔

اس دوران مایاوتی نے یہ بھی واضح کردیا کہ آئندہ 22-20 سالوں تک وہ خود ہی پارٹی کی کمان سنبھالیں گی اور کوئی دوسرا لیڈر پارٹی کا صدر یا ان کا عہدہ لینے کے لئے خواب نہ دیکھیں۔

پارٹی کو بہتر بنانے کے لئے مایاوتی نے کئی تبدیلیاں کی ہیں، اس میں بی ایس پی میں پہلی بار نیشنل کوآرڈینیٹر کی تقرری بھی کی گئی۔ ویر سنگھ ایڈوکیٹ اور جے پرکاش سنگھ کو پارٹی کا قومی کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی آرایس کشواہا کو یوپی کا نیا ریاستی صدر بنایا گیا ہے اوررام اچل راج بھر کو قومی جنرل سکریٹری کی ذمہ داری دی گئی ہے۔


Share: